عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ھنہ منڈی کے لاہ گاؤں سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان محمد یونس ولد مقبول حسین تاس دہرہ گلی کے مقام پر ٹاٹا موبائل حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ دلخراش واقعہ صبح تقریباً پانچ بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ڈھوکوں سے اپنے اہلِ خانہ کو واپس گاؤں لانے جا رہا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر لاش کو تھنہ منڈی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ لواحقین کے مطابق وہ اپنے پیچھے چار کمسن بچوں کو روتا بلکتا چھوڑ گیا ہے، جو اب کفالت اور پرورش کے لئے کسی سہارا سے محروم ہیں۔ اہلِ خانہ نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندان کو فوری معاوضہ اور بچوں کے تعلیمی و کفالت کے اخراجات فراہم کرے۔ مقامی لوگوں اور سماجی کارکنوں نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے متاثرہ خاندان کی فوری اور مؤثر امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کے روز تین بجے ان کے آبائی گاؤں لاہ میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے لئے حتمی بخشش اور مغفرت کی دعا بھی کی گئی۔