عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (جے کے پی ڈی پی) نے تھنہ منڈی کے گاؤں منیال میں قبرستان کو پہنچنے والے حالیہ نقصان پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف سنگین غفلت قرار دیا بلکہ مقامی عوام کے مذہبی جذبات اور روایات پر گہرا وار بھی کہا۔ پارٹی کے ترجمان تعظیم ڈار نے ایک بیان میں اس افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی-بفلیاز سڑک کی تعمیر کے دوران متعلقہ تعمیراتی کمپنی کی لاپرواہی کے سبب یہ مقدس مقام متاثر ہوا، جو ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ معافی عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبرستان کی حرمت اٹل اور غیر متزلزل ہے۔ یہ محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایمان، روایت اور ہمارے مرحومین کے احترام کی علامت ہے۔تعظیم ڈار نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے، غفلت برتنے والوں کو سخت کارروائی کے ذریعے مثال بنایا جائے، اور متاثرہ قبرستان کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بحالی کے تمام اقدامات مقامی باشندگان کی مشاورت سے ہوں تاکہ اس مقدس مقام کی عظمت اور تقدس بحال ہو سکے۔ترجمان نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی، حساسیت اور ہمدردی سے حل کریں اور عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے کسی بھی اقدام کو برداشت نہ کیا جائے۔