عظمیٰ نیوز سروس
تھنہ منڈی //فوج نے ’’جوان–عوام کنیکٹ‘‘ کے تحت مقامی عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے تھنہ منڈی، راجوری میں قومی رضاکارانہ خون عطیہ دن کے موقع پر ایک خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔یہ کیمپ یوتھ ایمپلائمنٹ اینڈ گائیڈنس نوڈ تھنہ منڈی میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ملک کے خون کے ذخائر کو مستحکم کرنا اور انسانی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ اس مہم میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ تھانہ منڈی اور آس پاس کے علاقوں کے شہریوں نے بھی رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔کیمپ کو معروف سول ہسپتالوں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے منعقد کیا گیا اور ’خون دو زندگی بچائو ‘کے عنوان کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس نیک مقصد کے لئے کل 23 رضاکار سامنے آئے، جن میں 22 بھارتی فوج کے اہلکار اور ایک شہری رضاکار شامل تھے۔کیمپ کے دوران سول حکام، بشمول طبی افسران، بھی موجود رہے اور رضاکارانہ خدمات کی تعریف کی۔ مقامی عوام نے اس اقدام کو نہایت سراہا اور اسے انسانی خدمت کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔بھارتی فوج کا یہ اقدام یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ دور دراز علاقوں میں جہاں شہری انتظامیہ کی رسائی محدود ہے، وہاں بھی عوام کے ساتھ تعاون اور ہمدردی کے جذبے کے تحت خدمات انجام دینے کیلئے پرعزم ہے۔