عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں فائرسروس کی عدم دستیابی ایک دیرینہ مسئلہ بن چکا ہے، جس نے مقامی آبادی کو شدید تحفظاتی خدشات میں مبتلا کر دیا ہے۔ برسوں سے عوامی مطالبات اور مقامی سطح پر احتجاجی آوازوں کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے اس اہم ضرورت پر کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ جموں و کشمیر کے دیگر سب ڈویژنوں بشمول سرنکوٹ، نوشہرہ اور سندربنی میں جہاں فائرسروس کی سہولیات دستیاب ہیں، وہیں تھنہ منڈی جیسے حساس اور گھنے آبادی والے علاقے میں اس بنیادی سروس کا فقدان عوامی زندگی کو مسلسل خطرے میں ڈال رہا ہے۔گزشتہ چند برسوں کے دوران تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں ، بالخصوص شاہدرہ شریف، عظمت آباد اور کلر میں کئی سنگین آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں رہائشی مکانات، دکانیں اور تجارتی مراکز راکھ کے ڈھیر بن گئے۔ ایسے حادثات کے وقت فائرسروس کی گاڑیوں کو راجوری سے طویل سفر طے کرکے تھنہ منڈی پہنچنا پڑتا ہے، جس کے باعث قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور آگ پر بروقت قابو پانا ممکن نہیں رہتا۔ مقامی عوام، سماجی تنظیموں اور سیاسی نمائندوں نے اس سنگین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تھنہ منڈی میں فوری طور پر فائرسروس اسٹیشن قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے بلکہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی حکومتی صلاحیت کو بھی مضبوط بنائے گا۔ یہ وقت ہے کہ انتظامیہ محض یقین دہانیوں سے آگے بڑھتے ہوئے عملی اقدامات کرے تاکہ آئندہ کسی سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ عوامی مفاد میں بروقت فیصلے ہی انتظامیہ پر اعتماد بحال کر سکتے ہیں۔