: عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے نشیبی اور بالائی علاقوں میں طویل مدت کے بعد ہونے والی بارش نے جہاں زمین کو سیراب کیا، وہیں کسانوں کے چہروں پر بھی خوشی کی لہر دوڑا دی۔ اطلاعات کے مطابق نشیبی علاقوں میں درمیانے سے اوسط درجے کی جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے نہ صرف فصلوں کو زندگی بخش توانائی ملی بلکہ پانی کی قلت کے شکار لوگوں کو بھی بڑی راحت نصیب ہوئی۔علاقہ بھر کے کسانوں کا کہنا ہے کہ بارش نے مردہ فصلوں میں نئی جان ڈال دی ہے اور اگر آئندہ چند روز تک موسمی حالات سازگار رہے تو کھیت کھلیان دوبارہ سرسبز ہو سکتے ہیں۔ بارش کے باعث جہاں کھیتوں کی پیاس بجھی، وہیں خشک ہو چکے دریاؤں، چشموں اور ندی نالوں میں بھی پانی کی روانی بحال ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ کئی ماہ سے جاری خشک سالی نے علاقے میں سخت بحران پیدا کر رکھا تھا۔ نہ صرف فصلیں متاثر ہو رہی تھیں بلکہ مال مویشی اور عوام الناس بھی پینے کے پانی کو ترس رہے تھے۔ بیشتر علاقوں میں لوگ میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور تھے اور گرمی کی شدت نے صورتحال کو مزید ابتر بنا دیا تھا۔تاہم، حالیہ بارش نے اس صورت حال میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ مقامی باشندے نہ صرف خوش ہیں بلکہ قدرت کے اس انعام پر شکر گزار بھی نظر آ رہے ہیں۔ ماہرین زراعت کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ چند دنوں میں مزید بارشیں ہوئیں تو کھیتی باڑی کے لیے یہ موسم نہایت سازگار ثابت ہو گا۔لوگوں نے امید ظاہر ہے کہ اس بارش سے علاقے میں زراعت اور عام زندگی کے لیے مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔