سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے دور دراز گاؤں ’درہ‘ میں سیکورٹی فورسز نے منگل کی دوپہر ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پرملی ٹینٹوں کا ٹھکانا تباہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران یو بی جی ایل گرینیڈز سمیت قابل اعتراض اور مشتبہ مواد برآمد کیا گیا، جس میں سے بعض اشیاء کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔حکام کے مطابق، درہ گاؤں میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے کورڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران ایک قدرتی غار میں چھپایا گیا ملی ٹینٹوں کا ٹھکانا دریافت ہوا، جو بڑے پتھروں کے نیچے بنا کر انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔برآمد ہونے والے مواد میں دس یو بی جی ایل گرینیڈز، ایک پلاسٹک بیرل، فوٹو فلم نیگیٹو کا پیکٹ، پچاس چھوٹے پاور سیلز، دس بڑے ٹارچ سیلز، تین چمچ، ایک دانتوں کا برش، ایک پلاسٹک ترپال، ایک کمبل، پلاسٹک کین، فیویکول کا لوہے کا ڈبہ، ایک گولہ بارود جیسا ٹوٹا ہوا باکس، دو کنگھی، دو قلم، ایک پرانے دستانے کا جوڑا، ایک جرابوں کا جوڑا، دو دوائیوں کے پیکٹ اور ایک بسکٹ کا ریپر شامل ہے۔سیکورٹی فورسز نے برآمد شدہ یو بی جی ایل گرینیڈز کو موقع پر ہی تباہ کر دیا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں مزید تلاشی جاری تھی تاکہ کسی اور مشتبہ سرگرمی کا سراغ لگایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ملی ٹینٹ منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کی گئی تھی۔