عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت اور ڈی ایس پی/ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس راجوری جبین لون کی نگرانی میں تھنہ منڈی میں سول ڈیفنس کی جانب سے ایک مؤثر اور معلوماتی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد عوام الناس کو موجودہ حالات کے پیش نظر بنیادی حفاظتی اقدامات، ایمرجنسی سے نمٹنے کے طریقہ کار، اور سول ڈیفنس کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔ اس آگاہی پروگرام میں میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے ملازمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے سول ڈیفنس کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کی، عملی تربیت کے مظاہرے دیکھے، اور ہنگامی حالات میں اپنی حفاظت یقینی بنانے کے مختلف طریقے سیکھے۔ محترمہ جبین لون نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس نہ صرف جنگی حالات بلکہ قدرتی آفات یا دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس قسم کی تربیتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ تھنہ منڈی کے عوام نے اس آگاہی مہم کو بے حد سراہا اور محترمہ جبین لون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عام شہریوں کو سول ڈیفنس جیسے اہم شعبے کی افادیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معروف سماجی شخصیت محمد افضل مغل، بشیر احمد شال، اور ایڈوکیٹ ظہور احمد بھٹی بھی موجود تھے جنہوں نے سول ڈیفنس کے کردار کو اجاگر کرنے کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ یہ مہم نہ صرف ایک تعلیمی تجربہ تھی بلکہ یہ تھنہ منڈی کے باسیوں کے لیے ایک نیا شعور لے کر آئی کہ وہ کس طرح اپنی اور اپنے اردگرد کے افراد کی حفاظت کر سکتے ہیں۔