عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی سب ڈویژن میں محکمہ بجلی کی جانب سے اسمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف مقامی لوگوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب تک بنیادی ڈھانچے کو درست نہیں کیا جاتا، اْس وقت تک اسمارٹ میٹروں کی تنصیب سراسر قبل از وقت اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ سماجی کارکن حاجی مقبول رینہ نے اس موقع پر کہا کہ ’محکمہ بجلی کو سب سے پہلے خستہ حال کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں کو ٹھیک کرنا چاہیے۔ کیونکہ موجودہ صورتحال میں اسمارٹ میٹر نصب کرنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے‘۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ تھنہ منڈی کا بیشتر حصہ پہاڑی علاقے پر مشتمل ہے، جہاں بجلی کے کھمبے نہایت خستہ حالت میں ہیں۔ کئی جگہوں پر تاریں ہرے درختوں سے باندھ کر بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی کی یہ پالیسی نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ کرے گی بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر، ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور اس صورتحال کا نوٹس لیں اور پہلے بنیادی ڈھانچے کو درست کریں، تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔ مقامی باشندوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور تھنہ منڈی کے لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائے گی۔