سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے ایک گاؤں اسلام پورہ میں سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز ایک کامیاب سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کی بھاری کھیپ برآمد کی۔ذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن (CASO) شروع کیا تھا، جس دوران گھنے جنگلات میں چھپایا گیا بارودی مواد ایک پالی تھین بیگ سے برآمد ہوا۔برآمد شدہ اسلحے میں 7.62×54 ایم ایم کی پی کے مشین گن کے 48 زندہ کارتوس، 9 ایم ایم کے 5 راونڈ، 5.56 ایم ایم کا ایک راونڈ اور تقریباً 400 گرام بارودی پاؤڈر شامل ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ آئی ای ڈی بنانے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں مزید تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل بھی تھنہ منڈی کے درہ گاؤں میں ایک دہشت گرد ٹھکانے کا پردہ فاش ہوا تھا، جہاں سے یو بی جی ایل گرینیڈز، اسلحہ، بارودی مواد اور قابل اعتراض دستاویزات برآمد کی گئی تھیں۔سیکورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل کارروائیاں خطے میں امن و امان کو متاثر کرنے والی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہیں۔