عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں سنیچر کے روز مغل دربار اسلام پور کے قریب جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کے حق میں ایک بھرپور دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کی قیادت ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان اور ایم ایل اے سرنکوٹ محمد اکرم چوہدری نے کی، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سب کا ایم ایل اے اسلم خان، شمیم احمد مغل، مشتاق احمد شال، سرپنچ منشی خان، سرپنچ خالد مغل، سرپنچ فاروق عالم، سرپنچ نور حسین اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں دونوں رہنماؤں نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کو عوام کا بنیادی اور جمہوری حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستخطی مہم صرف تھنہ منڈی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے ریاست بھر میں وسیع پیمانے پر چلایا جائے گا تاکہ عوامی آواز کو حکومت تک پہنچایا جا سکے۔ مظفر اقبال خان اور محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کے بغیر جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبے اور عوامی بہبود کے اقدامات ممکن نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس وعدے کو پورا کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے، جو جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستخطی مہم میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اپنے حقوق سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد ریاستی درجہ بحال کرے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر جلد ریاستی درجہ بحال نہ کیا گیا تو وہ مزید سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے لے گی اور جلد ہی جموں و کشمیر کو اس کا ریاستی درجہ واپس دیا جائے گا۔ اختتام پر، انہوں نے اس مہم میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تحریک کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں۔ اس موقع پر تھنہ منڈی کے تمام اہم سیاسی اور سماجی نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔