عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت ہسپلوٹ پٹیاں، وارڈ نمبر 4 میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ایک غریب دیہاڑی دار کا مکان زمین بوس ہو گیا۔ منیر حسین ولد عبدل، پیشے سے مزدور، اپنی مال مویشیوں سمیت بانڈی میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اْس کا کچا مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو بکریاں موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں جبکہ دیگر مویشیوں کو بروقت نکال لیا گیا۔ منیر حسین کا کہنا ہے کہ اس ناگہانی آفت سے نہ صرف اْس کا رہائشی ڈھانچہ تباہ ہو گیا بلکہ گھریلو سامان کا بھی شدید نقصان ہوا ہے۔ متاثرہ شخص کا تعلق نہایت غریب طبقے سے ہے اور روزمرہ مزدوری سے ہی گزر بسر کرتا ہے۔ علاقہ کے مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور تحصیلدار تھنہ منڈی سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کے نقصان کا فوری تخمینہ لگا کر اسے مناسب مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا سر چھپانے کا انتظام کر سکے۔ دوسری جانب، شدید بارشوں، آندھی اور تیز ہواؤں نے پورے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے بجلی نظام کو درہم برہم کر دیا تھاتاہم محکمہ بجلی کے فعال عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بجلی بحالی کے لئے دن رات ایک کر دیا۔ محکمہ کے انجینئروقار احمد ڈار، میٹر ریڈر خورشید احمد، لائن ایکٹر شبیر احمد خان اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی انتھک محنت کے نتیجے میں علاقے میں بجلی کی فراہمی بحال کی گئی۔ عوامی حلقوں نے بجلی محکمہ کی بروقت کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔