عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں محکمہ جل شکتی سمیت دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی عدم توجہی اور مسلسل غفلت کے باعث مقامی عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ علاقے میں سرکاری سطح پر نصب کئے گئے بیشتر ہینڈ پمپ یا تو مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں یا نیم فعال حالت میں ہیں، جن کی مرمت یا تبدیلی کے لئے بارہا حکام کو تحریری و زبانی شکایات درج کرائی گئی ہیں، مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ مقامی سماجی کارکنان جن میں سید زبیر حسین شاہ، برکت حسین اور سید آفاق شاہ شامل ہیں، نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محرومی نے عوام کی روزمرہ زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ خواتین اور معصوم بچے روزانہ کئی کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے چشموں یا ندی نالوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں، جو نہ صرف جسمانی مشقت کا باعث ہے بلکہ صحت عامہ کے لئے بھی خطرناک ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جل شکتی کی مجرمانہ غفلت اور دیگر متعلقہ محکموں کی بے حسی نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ بارہا اپیلوں اور یاد دہانیوں کے باوجود جب حکام کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہوتی تو عوام کا ریاستی اداروں سے اعتماد متزلزل ہونا فطری ہے۔ علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور یوٹی سطح کے اعلیٰ حکام سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ناکارہ ہینڈ پمپوں کی مرمت کی جائے اور جہاں ضرورت ہو، وہاں نئے ہینڈ پمپ نصب کئے جائیں تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر متعلقہ محکمے اور انتظامیہ نے جلد عملی اقدامات نہ کیے تو انہیں مجبوراً احتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔