تھنہ منڈی روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے قبرستان کو شدید نقصان، قبریں کھل گئیں

Mir Ajaz
2 Min Read

منیال کے عوام کا شدید احتجاج،متعلقہ ایجنسی پر لاپرواہی کا الزام،تحقیقات کی مانگ

سمت بھارگو

راجوری//سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منیال علاقہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک قدیم قبرستان کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس پر مقامی لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایجنسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق، تھنہ منڈی میںمنیال کے مقام پر راجوری۔تھنہ منڈی۔سرَنکوٹ مین روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی زد میں آکر ایک پرانا قبرستان متاثر ہوا۔ زمین کھسکنے کی وجہ سے کئی قبریں کھل گئیں اور انسانی باقیات کھلے میں آگئیں، جس سے درجنوں خاندانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ راجوری۔تھنہ منڈی۔سرنکوٹ سڑک ایک اہم اور باوقار منصوبہ ہے، جسے بارڈر روڈ آرگنائزیشن (BRO) تعمیر کر رہی ہے، لیکن اس منصوبے کی عمل آوری انتہائی ناقص اور غیر تسلی بخش ہے۔ نتیجتاً نہ صرف زرعی زمینیں تباہ ہو رہی ہیں بلکہ اب قبرستان جیسی مقدس جگہیں بھی متاثر ہونے لگی ہیں۔مقامی افراد نے کہاکہ ’’ہم کئی بار متعلقہ ایجنسی کو زمین کھسکنے کے خطرات سے آگاہ کر چکے ہیں، لیکن ہر بار ہمیں نظر انداز کیا گیا۔ اب جب قبریں کھل گئی ہیں، تو ہماری تکلیف کا اندازہ لگانا مشکل نہیں‘۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرہ قبرستان کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں اور سڑک کی تعمیر میں جدید تکنیکی طریقے استعمال کئے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔مزید برآں، عوام نے اپیل کی ہے کہ ذمہ دار ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں غفلت کی ایسی مثالیں دوبارہ نہ دہرائی جائیں۔

Share This Article