عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// راجوری، تھنہ منڈی اور بفلیاز کو جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر سڑک کی کشادگی اور مرمت کا کام شدید تاخیر کا شکار ہو چکا ہے، جس کے خلاف اسلام پور، تھنہ منڈی کے مکینوں نے شدید احتجاج درج کیا۔ مظاہرین نے بارڈر روڈ آرگنائزیشن (BRO) اور ٹی بی پی کمپنی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے تعمیری کام میں غیر سنجیدگی پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔احتجاج میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی خستہ حالی اور جاری تعمیری کام کی سست رفتاری نے ان کی روزمرہ زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرد و غبار اس قدر شدید ہے کہ گرمیوں میں بھی مکین کھڑکیاں اور دروازے کھولنے سے قاصر ہیں، جب کہ بچے اور بزرگ بیمار پڑ رہے ہیں۔ مقامی آبادی نے الزام عائد کیا کہ نہ تو سڑک پر بلیک ٹاپنگ کی جا رہی ہے اور نہ ہی گرد و غبار کم کرنے کیلئے پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنان نے بھی اس تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 2021 میں اس منصوبے کا آغاز دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی اور BRO کے اشتراک سے ہوا تھا، جسے دو سال میں مکمل ہونا تھا تاہم، مذکورہ کمپنی کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گئی، جس کے بعد BRO اور ٹی بی پی کمپنی نے ذمہ داری سنبھالی، مگر سست روی اب بھی برقرار ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ انہیں ایسے حالات میں جینے پر مجبور کیا جا رہا ہے جیسے وہ کسی جرم کی سزا بھگت رہے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندے اور مرکزی حکومت سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے کو جلد مکمل نہ کیا گیا تو اس کی وجہ سے نہ صرف شہریوں کو طویل مدتی مشکلات کا سامنا رہے گا بلکہ یہ تاخیر علاقے کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی پر بھی منفی اثر ڈالے گی۔مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ، BRO اور دیگر متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے مغل روڈ کی مرمت اور کشادگی کا کام تیز کریں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو اور اس تاریخی شاہراہ کی افادیت برقرار رکھی جا سکے۔