سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کو جوڑنے والی اہم شاہراہ راجوری۔تھنہ منڈی۔سرنکوٹ روڈ اتوار کی صبح اچانک پیش آنے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بند رہی۔ یہ سڑک نہ صرف دونوں اضلاع کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ مغل روڈ تک پہنچنے کا بھی ایک اہم راستہ فراہم کرتی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اچانک ٹریفک کی نقل و حرکت مکمل طور پر رک گئی اور درجنوں گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔ اس اچانک رکاوٹ سے مسافروں کو کافی مشکلات پیش آئیں اور ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے حرکت میں آئے اور فوری طور پر سلائیڈ کلیئرنس کا کام شروع کیا گیا۔ مشینری اور عملے کی مسلسل کوششوں کے بعد سڑک پر گرا ملبہ ہٹایا گیا اور چند گھنٹوں کے اندر ٹریفک دوبارہ بحال کر دیا گیا۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ برسات کے موسم میں پہاڑی علاقوں سے گزرتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ کسی بھی وقت بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی بروقت بحالی پر ضلعی حکام اور محکموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر یہ کام فوری طور پر نہ ہوتا تو کئی دیہات کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو جاتا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں برسات کے دوران پیر پنچال خطے میں مسلسل بارشوں کے سبب کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے سڑکوں کی بندش اب معمول بن گئی ہے۔ تاہم انتظامیہ کی بروقت کارروائیاں عوام کو طویل مشکلات سے بچانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔