قومی شاہراہ کا استعمال کرنے والے ہزاروں لوگوں کیلئے راحت
محمد تسکین
بانہال// ہزاروں گاڑی والوں اور ٹریفک پولیس حکام کیلئے درد سر بنی ادھم پور کے تھرڑ علاقے میں پسی کے بیچ سے دلدلی زمین پر بنائی گئی پسی پر میکڈم بچھانے کا کام جاری ہے اور امید ہےکہ اتوار رات تک یا پھراگلے روز اس کام کو مکمل کئے جانے کی امید ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے تھرڑ ادہم پور کی پسی کو معمول کے ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے میکڈم بچھایا جا رہا ہے اور اتوار کی شام تک تھرڑ پل سے قریب ایک سو میٹر کے حصے کو بلیک ٹاپ کیا گیا اور امید ہے کہ بقایا کام کو جلد ہی مکمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ میکڈم بچھانے کے بعد یہاں ٹریفک جام پرقابو پایا جائے گا اور معمول کے ٹریفک کی روانی ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز مسافر گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں جانے کی اجازت تھی اور اس کیلئے مسافر گاڑیوں کو صبح سات بجے سے دس بجے تک کے مقررہ اوقات میں نگروٹہ پار کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وادی کشمیر سے کسی بھی قسم کے مسافر ٹریفک کو جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کے روز قاضی گنڈ اور میر بازار کے درمیان اپنی باری کے منتظر سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرکوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کیلئے بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور گاڑی والوں اور شاہراہ کا سفر کرنے والے مسافروں سے اپیل کہ وہ شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں ضروری جانکاری حاصل کرنے کے بعد اور ٹریفک پولیس کی طرف سے روزانہ جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کریں ۔