یواین آئی
ممبئی//مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں ایک 23 سالہ خواجہ سرا شخص نے خودکشی کرلی، جس کے بعد پولیس نے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو اس فعل پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ یکم اگست کو پیش آیا جب متاثرہ نے اپنے گھر کی چھت سے لٹک کر اپنی زندگی ختم کر لی۔بھوئیواڈا کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر شیواجی پاٹل نے بتایا کہ متوفی اور 28 سالہ ملزم، دونوں کا تعلق بھیونڈی شہر سے ہے اور ان کے درمیان رشتہ بھی تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ملزم اکثر متاثرہ کو فون کر کے ہراساں کرتا تھا، جس سے متاثرہ ذہنی دباؤ میں مبتلا ہو گیا۔اس مستقل ہراسانی کے نتیجے میں متاثرہ شخص نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خودکشی کی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ متاثرہ کے بھائی کی شکایت پر کارروائی کی گئی، جس کی بنیاد پر ملزم کو اتوار کے روز حراست میں لیا گیا۔ اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سہنتا (بی این ایس) کی دفعہ 108 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جو خودکشی کے لیے اْبھارنے سے متعلق ہے۔