یواین آئی
تھائی لینڈ// گزشتہ روز تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپ میں ایک شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔یہ واقعہ تھائی لینڈ کی جانب سے امن معاہدے کو معطل کرنے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ کمبوڈیا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم 12 نومبر 2025 کی سہ پہر کو صوبہ بنٹے مینچی کے گاؤں پری چان میں کمبوڈیا کے شہریوں پر تھائی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس واقعے میں ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔وزارت نے کہا کہ یہ واقعہ کمبوڈیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر ، آسیان چارٹر اور جنوب مشرقی ایشیا میں دوستی اور تعاون کے معاہدے کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔دوسری طرف ، رائل تھائی آرمی نے استدلال کیا کہ اس کے فوجیوں نے “بلا اشتعال فائرنگ نہیں کی بلکہ کمبوڈیا نے ہماری سرزمین پر فائرنگ کی۔تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکول نے بدھ کے روز کہا کہ ہماری وزارت خارجہ نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک وضاحتی خط تیار کیا ہے۔یاد رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک نے گزشتہ ماہ کوالالمپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی موجودگی میں امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔28جولائی کو ، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے ہفتوں کی لڑائی کے بعد انور کی میزبانی میں سہ فریقی اجلاس میں غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا۔