سرینگر//تپ دِق کی روکتھام کے عالمی دن کے سلسلے میں وادی کے کئی اضلاع میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران لوگوں کو تپ دِق کے اثرات اور روکتھام کے بارے میں جانکاری دی گئی۔سرینگر میںسٹیٹ ٹی بی کنٹرول سوسائٹی کشمیر اورضلع ٹی بی مرکز سرینگر نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کی سرپرستی میںتپ دِق کی روکتھام کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر کے آڈیٹوریم میںایک تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اورسٹیٹ ٹی بی آفیسر ڈاکٹر شوکت علی لولا نے کہا کہ ملک میں 28لاکھ مریض تپ دِق کی بیماری میںمبتلا ہیں ،البتہ ان میں سے صرف 18لاکھ مریضوں کا علاج ومعالجہ کی جارہا ہے اور10لاکھ مریض جانکاری نہ ہونے کی وجہ سے علاج ومعالجہ کی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔ڈائیریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر سلیم الرحمان نے کہا کہ تپ دِق کی وجہ سے ملک میں ہر پانچ منٹ میںدواموات واقع ہوتی ہیں اور ان میں اس بیماری سے 600اموات ہوتی ہیں۔اس سلسلے میں عوامی جانکاری کیلئے اننت ناگ میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔بعد میں ضلع تپ دِق مرکز اننت ناگ میںایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران مقررین نے تپ دِق کی وجوہات،اثرات ،روکتھام اور علاج پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران تپ دِق کی روک تھام کی مناسبت سے مختلف سکولوں نے بحث ومباحثے میں بھی حصہ لیا۔اُدھر بڈگام میں شیخ العالم ؒ ہال میں تپ دِق کی روکتھام اورعلاج ومعالجہ پر روشنی ڈالنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔تقریب سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے سماج میں اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لئے لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔تقریب سے چیف میڈیکل آفیسر بڈگام اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تپ دِق کے عالمی دن کی مناسبت سے اولڈ ہسپتال پلوامہ میںایک تقریب کاانعقاد کیاگیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمد ڈار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ تپ دِق کے مکمل خاتمے کے لئے ہر شخص پر عملی تعائون دینالازمی ہے ۔تقریب سے چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ محمد جعفر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ ضلع ٹی بی آفیسر ڈاکٹر محمد رفیق نے ٹی بی کے مریضوں کی مدد کے لئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آشاورکروں کو نقد انعامات سے نوازا ۔اس کے علاوہ 4طلبأ کوتقریر کے دوران بیماری کی روکتھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرنے کی خاطر اعزاز سے نوازا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ سوسائٹی کرگل کے اہتمام سے آڈیٹوریم ہال کرگل میں ایک تقریب منعقدہوئی جس دوران محکمہ صحت کرگل کے ماہر ڈاکٹروں نے ٹی بی کی روکتھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں شرکا کو جانکاری دی۔