جموں//مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے جہلم ، توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت بڑے بنیادی ڈھانچے کے فروغ سے متعلق کاموں کی تکمیل کیلئے اگست کی ڈیڈ لائین مقرر کی ہے ۔ ایک جائیزہ میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر نے جے کے پی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو دس اگست تک ماحولیاتی منیجمنٹ پلان کے حوالے سے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ متعلقہ محکمے میں جمع کرنے کی ہدایت دی تا کہ اسے عالمی بنک کو بھیجا جا سکے ۔ میٹنگ میں پروجیکٹ کے سی ای او ، کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت انسدادِ سیلاب سے متعلق عالمی سطح کا بنیادی ڈھانچہ بحال کیا جائے گا تا کہ مستقبل میں سیلاب کے خطرات کو کم کیا جا سکے ۔ پروجیکٹ کے تحت بڑے پیمانے پر پُل ، سڑکیں ، سکول ، ہسپتال اور دیگر ڈھانچے قایم کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر نے پروجیکٹ کے تحت اہداف کو وقت پر عملانے پر زور دیا ۔وزیر نے افسران کو پروجیکٹ کے تحت کاموں کی ترجیحی بنیادوں پر زمرہ بندی کرنے کے احکامات دیتے ہوئے جے کے پی سی سی کو لوازمات پورا کر کے یکم ستمبر سے کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔