عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ ضلع میں پولیس نے توہین آمیز فعل میں ملوث ایک شرپسند کے خلاف کارروائی کرتے ہوے اسے پی ایس کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ایس ایس پی کشتواڑ عبدالقیوم نے بتایا کہ پولیس کو ملزم کے خلاف وقتاً فوقتاً متعدد شکایات موصول ہوئیں،جس پر بروقت اطلاع ملنے پر پولیس نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی نگرانی میں کارروائی کی اورجرم میں ملوث شخص کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔ ملزم شیر محمد ولدحبیب حجام کا تعلق ناگنی گڑھ کیشوان سے ہے جو حال میں لوئر پوچھال کشتواڑ میں مقیم ہے ۔تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ ملزم اسی نوعیت کی مختلف شکایات میں ملوث تھا۔نتیجتاً ڈی ایم کشتواڑ کو ایک ڈوزیئر بھیجا گیا اور اس شخص پر پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پی ایس اے کے احکامات حاصل کرنے کے بعدایس ایس پی کشتواڑ کی طرف سے ملزم کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ملزم کو گرفتار کر کے ضلع جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں بند کیاہے۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے اس طرح کی توہین آمیز واقعات میں ملوث تمام افراد اوراسمگلروں کو اپنی سرگرمیوں سے باز رہنے کی سخت وارننگ جاری کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جو بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس کشتواڑ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور تمام باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے جبکہ امن و امان کیلئے خطرہ بننے والی کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔