سرینگر// مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمومل سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیر میں جاری قتل و غارت کو ریاستی عوام کے تئیں سیاسی انتقام گیری پر مبنی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی عوام کو اس وقت سرکاری سطح پر شدید ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ ظلم و جبر اور قتل و غارت سے عبارت کارروائیاں ایک مبنی برحق جدوجہد میں مصروف قوم کو پشت ب دیوار کرنے کے مذموم ہتھکنڈے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے پناہ فوجی جمائو کے بل پر بھارت یہاں قبرستان کی سی خاموشی طاری کرنا چاہتا ہے ۔ مزاحمتی قائدین نے وشوا ہندو پریشد(VHP) کے لیڈر پروین توگڑیا کی جانب سے کشمیر میں بمباری کئے جانے کے بیان کو فرقہ پرستانہ ذہنیت اور جنون آمیز سیاست کاری سے عبارت بیان قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی زہر آلود بیان بازی ہندوفرقہ پرست عناصر کی پرانی روش رہی ہے تاہم کشمیری عوام اس قسم کے دھمکی آمیز بیانات سے نہ ماضی میں خوفزدہ ہوئے ہیں اور نہ اب کے ان بیانات کی یہاں کوئی اہمیت ہے۔