راجا ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے متعدد علاقوں میں جیو مواصلاتی کمپنی کے ناقص نظام کی وجہ سے ہزاروں صارفین نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ صارفین متعلقہ کمپنی کے سم کارڈ دوسری کمپنی میں تبدیل کررہے ہیں۔تولہ مولہ،پیر محلہ، حیدر محلہ، لدھ وینہ،ریشی پورہ،بٹہ پورہ سمیت دیگر ملحقہ جات میں رہائش پذیر ہزاروں کی آبادی نے جیو مواصلاتی کمپنی پر الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو فراہم کی جانے والے موبائل اور انٹرنیٹ کی ناقص نظام کی وجہ سے صارفین جیو کمپنی کے سم کارڈ واپس کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ صارفین کے مطابق پچھلے پندرہ روز سے پوسٹ پیڈ اور پری پیڈ دونوں اقسام کے موبائل فون کے علاوہ انٹرنیٹ فراہم کی جانے والی سہولیات میسر نہیں ہیں جس کے باعث ہزاروں صارفین جن میں بیشتر تعداد طلباء مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی تو صارفین جیو کمپنی کے سم کارڈ کو دوسری کمپنی میں تبدیل کرنے پر مجبور ہیں ۔