راجا ارشاد احمد
گاندربل//تولہ مولہ سے سہہ پورہ رابطہ سڑک برسوں سے کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے اس پر سفر کرنا وبال جان بنا ہوا ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق سالہاسال سے تولہ مولہ سہہ پورہ رابطہ سڑک پر نہ ہی تارکول بچھایا گیا ہے اور نہ ہی مرمت کرکے قابل آمدورفت بنائی جاسکی ،جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔گاندربل کے تحصیل تولہ مولہ کی اندرونی رابطہ سڑکیں اور گلی کوچے ،جن میں تولہ مولہ سہہ پورہ، بن پورہ پیر محلہ، کاپرن پورہ رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ جگہ جگہ سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں، جو بارشیں ہونے کی صورت میں تالاب کی شکل اختیار کرتی ہیں جبکہ خشک موسم میں سڑک پر دھول مٹی اور گرد و غبار چاروں طرف سے اُڑتا رہتا ہے۔ ان علاقوں کی آبادی نے محکمہ تعمیرات عامہ سے متعدد بار اپیلیں کی تھیں کہ ان رابطہ سڑکوں پر تارکول بچھایا جائے یا ان کی اس قدر مرمت کی جائے تاکہ عبور و مرور میںلوگوں کو راحت محسوس ہوسکے،تاہم متعدد بار اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاسکا۔تولہ مولہ کے مقامی سماجی کارکن بلال بٹ نے ’کشمیر عظمیٰ‘ کو بتایا کہ میں نے ان رابطہ سڑکوں پر بنے ہوئے گھڑوں کے حوالے سے ضلع انتظامیہ گاندربل اور محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ سے مسئلہ اٹھایا تھا، جو خاص طور پر برسات کے موسم میں حادثات کا خطرہ پیدا کرتے ہیں۔یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکام نے جان بوجھ کر ان رابطہ سڑکوں کو نظرانداز کردیا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی خاص کر بیماروں کو عبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ ہم ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان رابطہ سڑکوں پر میکڈیم بچھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔اس بارے میں جب محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ رواں سال تولہ مولہ رابطہ سڑک سمیت دیگر سڑکوں پر موسم میں بہتری آتے ہی میکڈم بچھانے کا کام شروع کردیا جائے گا۔