سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے کل درجنوں علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں سیلابی صورتحال سے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ زیڈی بل، خوشحال سر، آنچار، گلسر، سعیدہ پورہ کے علاوہ کئی علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں نے جگہ جگہ پر شکایت کی کہ حکومتی کی غفلت شعاری اور سیاسی انتقام گیری سے جھیل ڈل میں سطح آب جان بوجھ کر بڑھائی گئی اور لوگوں مشکلات و مصائب سے دوچار کیا گیا۔ لوگوں نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن سے کچھ روز قبل جب جہلم کی سطحِ آب 21فٹ سے بھی زیادہ تھی اُس وقت جھیل ڈل میں طغیانی نہیں آئی اور پانی کی سطح پر خطرے کے نشان سے نیچے رہی لیکن اس بار جہلم کی سطح آب 16فٹ سے زیادہ نہیں ہوئی پھر بھی جان بوجھ پر جھیل ڈل کی طرف پانی کا رُخ کرکے ڈل اور اس کی معاون جھیلوں کے متصل قیام پذیر آبادیوں کو سیلاب سے دوچار کرکے گوناگوں مصائب و مشکلات سے دوچار کیا گیا۔لوگوں نے تنویر صادق کو گلی کدل میں سعیدہ پورہ گیٹ کے پاس نصب کیا گیا کنکریٹ ستونs) (Pillarدکھایا اور کہا کہ اس پِلرکی موجودگی سے پانی کا بہائو رک گیا ہے۔تنویر صادق نے موقعے پر ہی چیف انجینئر کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور ان سے درخواست کی کہ اس ستون کو ہٹانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوںنے حکومت کی غفلت شعاری، لاپرواہی اور سیاسی انتقام گیری پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہر ایک محاز پر ناکام ہوگئی ہے اور عوام سے پارلیمانی الیکشن میں ہار کا بدلہ عوام سے لیا جارہا ہے۔