عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق(انچارج کانسچونسی زیڈی بل) نے کل متعدد شیعہ آبادی والے علاقوں اور امام بارگاہوں کا دورہ کرکے ایام محرم الحرام خصوصاً روز عاشورہ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہو ں نے مقامی آبادی سے بات کی اور اُن کے مسائل و مشکلات اور حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کی جانکاری حاصل کی۔ عوام نے جگہ جگہ پر تنویر صادق سے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایسے انتظامات نہیں رکھے گئے ہیں جو ماضی میں عوامی نمائندہ سرکاروں کے دوران ہوا کرتے تھے۔ اُن برسوںمیں مرحوم کے دوران اضافی راشن، کھانڈ، بالن، مٹی کا تیل فراہم ہوا ہوا کرتا تھا اور ساتھ ہی 24گھنٹے بجلی فراہمی، پینے کے پانی کی مسلسل سپلائی ہوا کرتی تھی۔ اس کے علاوہ سڑکوں اور گلی کوچوں خصوصاً امام بارگاہوں کو جانے والے راستوں کی مرمت پیشگی میں ہوا کرتی تھی، جہاں جہاں ذوالجناح اور الم شریف کے جلوس برآمد ہوتے تھے لیکن اس بار ایسا کچھ نہیں دیکھنے کو ملا ہے، سڑکیں اور گلی کوچے خستہ حال ہیں، راشن کی سپلائی بڑھانے کے بجائے کم کی گئی، بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، پینے کے پانی کی سپلائی ناکافی ہے اور دیگر انتظامات بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ تنویر صادق نے افسوس کا اظہار کیاکہ موجودہ حکومت محض کاغذی گھوڑا رہی ہے جبکہ زمینی سطح پر کوئی بھی خاطر خواہ انتظامات نہیں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں پر لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔