تنویر صادق نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ مقرر | ڈاکٹر گگن بھگت نائب ترجمانِ اعلیٰ اورعمران نبی ڈار ریاستی ترجمان نامزد

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//صدرِ جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کی طرف سے جاری کردہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کے ذریعہ منظور کردہ حکم نامے کے مطابق پارٹی کی میڈیا و کمیونی کیشن ونگ کومضبوط بنانے کیلئے تبدیلیاں اور تقرریاں عمل میں لائیں گئیں ہیں۔ حکمنامے کے مطابق جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس نے پارٹی کی میڈیا و کمیونی کیشن سیل کو تشکیل نودیتے ہوئے پارٹی لیڈر تنویر صادق کو ترجمان اعلیٰ و انچارج کمیونی کیشن مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی لیڈر ڈاکٹر گگن بھگت (سابق ایم ایل اے آر ایس پورہ) کو نائب ترجمانِ اعلیٰ کے ساتھ ساتھ اچارج تربیت و صلاحیت سازی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ پارٹی کے یوتھ لیڈران ایڈوکیٹ ذیشان رانا اور ٹھاکر یشو وردھن سنگھ کو صوبہ جموں کیلئے معاون صوبائی ترجمان نامزد کیا گیاہے جبکہ مدثر شاہ میری کو پارٹی نائب صدر کا ڈپٹی پولیٹکل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے صوبہ کشمیر کے ترجمان عمران نبی ڈار کی ذمہ داریوںمیں اضافہ کرتے ہوئے انہیں پارٹی کا ریاستی ترجمان مقرر کیا گیا ہے جبکہ معاون صوبائی ترجمان عفرا جان اب صوبہ کشمیر کیلئے پارٹی کی ترجمان ہونگی۔ ڈاکٹر گگن بھگت، پیشے سے ایک ڈاکٹر ہیں اور اسسٹنٹ سرجن بھی رہ چکے ہیںاور 2017 میں بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا اور نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ عفرا جان نیشنل کانفرنس کے معاون صوبائی ترجمان ہیں اور معروف پینسلٹ ، ڈبیٹر، کالم نگار ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن بھی رہیں ہیں۔ انہوں نے گذشتہ سال نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ایڈوکیٹ ذیشان جاوید رانا جے ایم آئی دہلی سے لا گریجویٹ ہیں اور اس وقت جموں و کشمیر ہائی کورٹ (جموں) میں پریکٹس کر رہے ہیں۔ مینڈھر سے تعلق رکھنے والے زیشان اس سے قبل یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی سکریٹری تھے۔ٹھاکر یش وردھن سنگھ ایک لاء گریجویٹ ہیں ۔ موصوف یوتھ نیشنل کانفرنس کیلئے زونل سکریٹری پیر پنجال کے علاوہ انچارج ضلع راجوری بھی تھے۔دریں اثناء صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی اور ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا نے تمام ترجمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیساتھ ساتھ تینوں خطوں کے لوگوں کی ترجمانی میں کوئی کثر باقی نہیں رکھیں گے۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *