سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور عمر عبداللہ کے سیاسی صلاح کار تنویر صادق نے حول جاکر وہاں شیخ کالونی کنہ دیور میں گذشتہ روز ہولناک آگ کی واردات کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اُن کے ہمراہ بلاک صدر زیڈی بل مشتاق احمد بیگ اور دیگر عہدیداران بھی تھے۔ تنویر صادق تمام متاثرین کیساتھ ملے اور انتظامیہ پر زور دیا کہ ان فوری بازآبادکاری اور امداد کاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے کے علاوہ ان کی عارضی قیام و طعام کا بھی انتظام کیا جائے۔تنویر صادق نے موقعے پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کیساتھ بات کی اور انہیں متاثرین کو ہر ایک ممکن مدد کرنے کی تاکید کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں بھر پور یقین دہانی کرائی کہ وہ متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔