ریاستی درجہ کیلئے جدوجہد کرنی پڑی تو کریں گے :وزیراعلیٰ
سرینگر// مانسون سیشن میں جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کی امیدوں کے ساتھ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ جدوجہد یہاں سے نئے سرے سے شروع ہوتی ہے۔عبداللہ نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے کہا کہ اب چھوڑو، امید ختم ہو گئی، پانی پار ہو گیا، ہم یہاں سے اپنا عمل شروع کریں گے، ہمیں امید تھی کہ اس کی ضرورت نہیں رہے گی، جو وعدے ہم سے کیے گئے تھے، ان پر عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا”ٹھیک ہے، اگر ہمیں تھوڑی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، تھوڑی محنت کرنی پڑے گی ،جو ہم اپنی طرف سے کریں گے،” ۔وزیر اعلیٰ نگروٹہ میں سینک سکول کے 56ویں یوم تاسیس میں شرکت کررہے تھے۔انہوں نے مرکز پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزرا ی کے بارے میں تین مجوزہ بلوں کو سیاست دانوں کو چن چن کر نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ “انہوں نے کہاابھی تک جتنے بھی مقدمات درج ہوئے اور جن میں گرفتاریاں ہوئیں، ان میں صرف اپوزیشن کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا، اگر یہ قدم واقعی کرپشن کے خاتمے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، تو 2014 کے بعد سے حکومتی کاموں پر کیا اثرات مرتب ہوئے؟” ۔انہوں نے زور دے کر کہا”کوئی بھی قانون فطری طور پر برا نہیں ہوتا ،کسی قانون کا غلط استعمال ہی اسے غلط بناتا ہے،” ۔انہوں نے کہا”میں بی جے پی میں اپنے دوستوں کو صرف ایک چیز یاد دلانا چاہتا ہوں، وہ ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہیں گے، جو قانون وہ آج دوسروں کے خلاف استعمال کرتے ہیں وہ کل ان کے اپنے لوگوں کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے، قانون کے ساتھ کھیلنا ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا،” ۔مبینہ ملی ٹینسی کے تعلق سے دو سرکاری ملازمین کی حالیہ برطرفی پر، وزیر اعلیٰ نے کہا، “یہ وہ چیز ہے جس کے بارے میں آپ کو راج بھون سے پوچھنا پڑے گا ، اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے” ۔