سرینگر//مسلم کانفرنس کے چیئرمین پروفیسرعبدالغنی بٹ نے جامع مسجددُدرہامہ گاندربل میں نمازجمعہ کے موقعہ پرایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خبردارکیاکہ تنازعہ کشمیرکی خطرناک چنگاری خطے کوبھسم کرنے کاموجب بن سکتاہے کیونکہ اس دیرینہ تنازعہ کاحل نکالنے کے بجائے ہندوستان اورپاکستان نے مخاصمت اورستمگرانہ روش اپنارکھی ہے۔انہوںنے کشمیرکی اندرونی اورسرحدی صورتحال کوتشویشناک قراردیتے ہوئے خبردارکیاکہ تنازعہ کشمیر کالٹکے رہنااس خطے کی سا لمیت اورسلامتی کیلئے بڑاخطرہ بن چکاہے کیونکہ کئی ممالک اس خطے سے اپنے اقتصادی اوردیگرمفادات وابستہ کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان کشیدگی اورتصادم کی بنایدہراعتبارسے ’تاریخی تنازعہ کشمیر‘ہی ہے اورچونکہ دونوں ملک جوہری طاقتیں بن چکی ہیں توتنازعہ کشمیرکوا یک ایسی چنگاری کے روپ میں دیکھناپڑیگاکہ جوجنوب ایشیائی خطے میں خرمن ِ امن کوبھسم کرسکتی ہے ۔پروفیسر بٹ نے تنازعہ کشمیرکے پائیدار،منصفانہ اورحتمی حل میں جموں وکشمیرکی سیاسی لیڈرشپ اورعوام کے رول وشمولیت کوبنیادی اہمیت کاحامل قراردیتے ہوئے اسبات پرزوردیاکہ جموں وکشمیرکی جملہ سیاسی قیادت بھی ایک مشترکہ قراردادکے ذریعے بھارت اورپاکستان پریہ واضح کریں کہ تنازعہ کشمیرکاحل تدبراورتدبیرکے ساتھ ڈھونڈنکالنے میں مزیدتاخیر نہ کریں ۔