عظمیٰ نیوز سروس
چنئی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ تمل ناڈو میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر 22 اگست کو ریاست کا دورہ کریں گے ۔ ریاست میں آٹھ نو ماہ میں اسمبلی انتخابات کا امکان ہے ۔ شاہ جنوبی ترونیل ویلی ضلع میں بی جے پی کی بوتھ کمیٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے جہاں سے بی جے پی تمل ناڈو یونٹ کے صدر اور بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر نینار ناگیندرن ہیں۔حالیہ دنوں میں مسٹر شاہ کا تمل ناڈو کا یہ تیسرا دورہ ہوگا، جو بی جے پی کی جانب سے تمل ناڈو کو دی جانے والی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے ۔
اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاستی بی جے پی نے اپنی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی ہیں اور اس کا مقصد حکمراں ڈی ایم کے سے اقتدار چھیننا ہے ۔بی جے پی کی انتخابی تیاریاں اس کے سابق اتحادی، اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ پٹری پر لانے کے بعد شروع ہو گئی ہیں۔ چنئی میں اس کا اعلان کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا تھا کہ قومی سطح پر نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) اتحاد کی قیادت کرے گا جبکہ تمل ناڈو میں اے آئی اے ڈی ایم کے اس کی قیادت کرے گی۔بی جے پی ریاست میں نچلی سطح پر طاقت فراہم کرنے اور پارٹی کارکنوں کی نئے سرے سے حوصلہ افزائی کے لیے ہر حلقے میں بوتھ کمیٹیوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے تحت پارٹی نے ریاست بھر میں آٹھ مقامات پر بوتھ کمیٹی کی میٹنگوں کا منصوبہ بنایا ہے ۔