نئی دہلی//تمل ناڈو کے اسٹر لائٹ کاپر انڈسٹری کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر پولیس فائرنگ میں 12 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین کا یہ مطالبہ ہے کہ اس معاملہ کی جانچ سپریم کورٹ کے موجودہ جج سیکرائی جائے۔ادھر کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے احتجاج کررہے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تشدد کے لئے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور وزیراعظم مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ذمہ دار ہے۔گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ سنگھ اور بی جے پی تمل لوگوں کی آواز دبا رہی ہیں۔ کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ حکومت سنگھ کے نظریات کو قبول نہیں کرنے والے لوگوں کو قتل کرا رہی ہے۔ توتی کورین میں پلانٹ سے ہورہی آلودگی کی مخالفت کررہے مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم میں گیارہ لوگ مارے گئے ہیں اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔گاندھی نے تمل زبان میں کئے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ تملوں کو قتل کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے سنگھ کے نظریات کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا۔ سنگھ اور مودی کے حامی تمل لوگوں کے جذبات کو دبا نہیں سکتے۔ تمل بھائی اور بہنوں ، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اس سے پہلے مسٹر گاندھی نے بھی مظاہرین کے مارے جانے کو حکومت اسپانسرڈ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کے ذریعہ تملناڈو کے اسٹار لائٹ یونٹ میں 9لوگوں کا گولی مارکر قتل کرنا حکومت اسپانسرڈ دہشت گردی کی بے رحمانہ مثال ہے۔ مظاہرین اپنے ساتھ ہورہی ناانصافی کی مخالفت کررہے تھے۔