عظمیٰ نیوز سروس
چنئی// تمل ناڈو میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارش نے ریاست کے متعدد علاقوں میں زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ چنئی کے علاقائی موسمیات مرکز (آر ایم سی) نے چنئی سمیت سات اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جہاں آئندہ دنوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ نے متنبہ کیا ہے کہ مسلسل بارش سے ریاست کے بعض نشیبی علاقے سیلابی صورتحال کا سامنا کر سکتے ہیں۔آر ایم سی کے مطابق جنوب مشرقی خلیج بنگال کے اوپر کم دباؤ کا ایک نیا نظام بننے کی امید ہے جو اگلے 24 گھنٹوں میں مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔ یہ نظام مغرب و شمال مغرب کی سمت آگے بڑھے گا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں جنوبی خلیج بنگال کے اوپر مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔محکمہ نے جن سات اضلاع رام ناتھ پورم، پدوککوٹئی، مئیلادوتھورئی، ناگپٹنم، تروورور، تنجاور اور کڈالور کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، وہاں منگل کو انتہائی بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کنیا کماری، ترو نیل ویلی، توتیکوڈ، وِلپورم، چنگل پٹ، تروولور، چنئی، کانچی پورم، اریالور، پیرمبلور اور شیوا گنگا اضلاع میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔22 سے 24 اکتوبر کے دوران مختلف اضلاع میں بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ خاص طور پر چنئی، تروولور، کانچی پورم، رانی پیت، ترووناملئی اور ویلور میں بہت بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ آر ایم سی کے مطابق چنئی میں آسمان عموماً ابرآلود رہے گا اور شہر کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ادھر تنجاور ضلع میں حالیہ بارش نے کسانوں کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ تمل ناڈو کے اہم چاول پیدا کرنے والے علاقوں میں شمار ہونے والے اس ضلع میں دھان کی تیار فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے مطابق اس سال 1.99 لاکھ ایکڑ میں دھان کی کاشت کی گئی تھی، جن میں سے تقریباً 1.65 لاکھ ایکڑ کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم اوراتھنادو، تنجاور اور اماپٹّی علاقوں میں لگ بھگ 1,500 ایکڑ دھان کی فصل زیرِ آب ہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر پانی جلد نہیں نکالا گیا تو ان کی تیار فصل مکمل طور پر خراب ہو جائے گی۔ ایک مقامی کسان نے بتایا، ’’جو فصل کٹائی کے لیے تیار تھی، وہ اب پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، اور اگر ہم ابھی کٹائی بھی کریں تو اناج کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوگی۔‘‘