جموں //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے تمباکو کے استعمال کے خاتمے کے لئے ریاست گیر مہمات چلانے اور سماجی ، مذہبی اور تعلیمی تنظیموں کے اشتراک پر زور دیا ہے۔ جموںمیں عالمی تمباکو مخالف دن کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تمباکو کے استعمال اور نشہ خوری سے سماج پر کافی منفی اثرات پڑتے ہیں لہٰذا اِس کے خاتمے کے لئے صرف سرکاری کوششون سے کام نہیں بنے گا بلکہ سماج کے ہر فرد کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔وزیر نے کہا کہ ریاست کی 27 فیصد سے زیادہ آبادی تمباکو نوشی کرتی ہے جس سے قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔ اُنہوںنے مختلف نجی سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے ریاست بھر میں بیداری مہمات چلانے پر زور دیا۔اس موقعہ پر وزیر نے مختلف سرگرمیوں میںبہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کرنے کے علاوہ مہم میں شرکت کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر شُرکاء کی عزت افزائی بھی کی۔