سری نگر// جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے لئے جو ہسپتال مخصوص کئے گئے ہیں اُن میں موثر طور ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ناظم صحت کشمیر ڈاکٹر سمیر مٹو نے اتوار کوکہا کہ کشمیر میں 8 جبکہ جموں میں 3مخصوص ہسپتال کوروناکے لئے مخصو ص کئے گئے ہیں ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دِن رات دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ڈاکٹر سمیر مٹو نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی صحت تنظیم کی ہدایات کے مطابق تمام طرح کی احتیاط برتیں تاکہ اس وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے مشتبہ مریضوں کو کورنٹین کرنے اور آئیسولیشن کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مناسب اقداما ت کئے ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ محکمہ صحت 25لیب ٹیکنشنز کو خصوصی تربیت دے رہی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ریڈ زون اور بفر زون کا جائزہ لیں تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے رابطے میں آئے دیگر اَفراد کی نشاندہی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ عملے کو ضروری سازو سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔
ڈاکٹر مٹو نے کہا کہ لوگوں کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے پہل ہر دن 70نمونے حاصل کئے جاتے تھے لیکن اب ہر دن 150نمونے حاصل کئے جاتے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ اب تک ٹیسٹنگ کے لئے سات جدید مشینیں حاصل کی جاچکی ہیں اور آنے والے دِنوں میں مزید مشینیں حاصل کی جائیںگی۔
ڈائریکٹر ہیلتھ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کشمیر کے تمام اضلاع کا دورہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور ہسپتال آنے سے احتراز کرنا چاہیئے ۔ سمیر مٹو نے کہا کہ کورنٹین سہولیات میں اضافہ کے لئے دیگر کئی ہسپتالوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کشمیر کے تمام ہسپتالوں کو ضروری سازو سامان سے لیس کیا جاچکا ہے۔