سرینگر//بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے حکومت کو تمام پولیس تھانوں میں ’سی سی ٹی وی ‘کیمرے نصب کرنے کے احکامات صادر کئے۔ ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں دیپک کمار شرما ساکنہ مندلک بھون412-سی جیون نگر جموں نامی شہری کی جانب سے پولیس تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے سے متعلق ایک عرضی دائر کی تھی جسکی سماعت 4ستمبر کو کمیشن کے ممبر جنگ بہادر سنگھ جموال کے سامنے ہوئی ۔ انسانی حقوق کے مقامی کمیشن کے ممبر نے اپنا فیصلہ صادر کردیا ۔انہوں نے کیس کے تمام پہلوئوں کو بغور سنتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ جموں وکشمیر کے پولیس تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے سے ریاستی پولیسنگ میں مزید بہتری اور شفافیت آئیگی ۔کمیشن کے ممبر جنگ بہادر سنگھ جموال نے اپنے فیصلہ بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے پولیس تھانوں میں کتنی حراستی اموات ہوئیں، کے حوالے سے کمیشن کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے جبکہ اس حقیقت سے بھی انکار کیا جاسکتا ہے کہ ایسے واقعات پولیس تھانوں میں بقول کمیشن رو نما ہوئے ہیں ۔اپنے فیصلے میں کمیشن نے بتایا کہ پولیس تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے سے نہ صرف شفافیت آسکتی ہے جبکہ یہ تمام پولیس تھانوں میں شفافیت لانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔کمیشن نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ جمہوری تقاضے یہی ہیں کہ تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں جبکہ اس عمل سے پولیس کی سیکورٹی بھی ممکن ہوسکے ۔کمیشن نے کہا کہ ریاست میں پولسنگ میں جدیدیت لانے سے پولیس کے کام کاج اور ریکارڈ میں مزید بہتری آئیگی ۔کمیشن کا کہنا ہے کہ پولیس کے خلاف شکایات ہوتی رہتی ہے لیکن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے سے ان شکایات کا ازالہ بھی آسانی کے ساتھ کیا جاسکتا ہے ۔کمیشن نے اپنے فیصلے میں ریاستی حکومت کو بذریعہ چیف سیکر یٹری ہدایت دی ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے تمام پولیس تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے حوالے سے رقومات پولیس کے سربراہ کے نام جاری کرے ۔اس کے علاوہ محکمہ داخلہ کے کمشنر سیکریٹری کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جدید ترین سی سی ٹی وی تھانوں میں نصب کرنے کے عمل کو عملی جامہ پہنا ئیں جبکہ ریاستی پولیس کے سربراہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی نصب کرنے پر اخراجات کے حوالے سے اپنا بجٹ تیار کریں ۔