بانڈی پورہ // بانڈی پورہ ضلع کے دور افتادہ سرحدی علاقہ تلیل گریز علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔ اس حادثہ میں معاون پائلٹ ہلاک ہوا جبکہ پائلٹ شدید طور پر زخمی ہوا جسکی حالت ادہمپور اسپتال میں نازک قرار دی جارہی ہے۔فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر دوپہر کے وقت ضلع بانڈی پورہ کے گریز سے 40کلو میٹر دور ’ باراب‘ علاقے میں اس وقت گر کر تباہ ہو گیا، جب وہ ایک بیمار بی ایس ایف اہلکار کو آگے کی پوسٹ سے نکالنے کے مشن پر جارہا تھا۔ ہیلی کاپٹر کا گجراں، براب میںاگلی چوکی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ تلاش اور ریسکیو ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ہندوستانی فوج کی جانب سے فوری طور پر پیدل تلاشی مہم شروع کی گئی ۔ گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ گجراں نالہ تلیل سے ملا ۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور معاون پائلٹ شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر بیس ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ میجر سنکلپ یادو، شریک پائلٹ 92 بیس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جبکہ زخمی پائلٹ کو کمانڈ ہسپتال ادھم پور منتقل کر دیا گیا۔ اسکی حالت نازک ہے، لیکن مستحکم ہے۔ ہیلی کاپٹر کے حادثے کا سبب بننے والے واقعات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔29سالہ معاون پائلٹ میجر سنکلپ یادو نے2015 میں ہندوستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا اور وہ جے پور، راجستھان کا رہائشی تھا۔ پسماندگان میں ان کے والد ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ پائلٹ اور معاون پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعہ خود کو بچانے کی کوشش کی اور وہ بچ بھی گئے لیکن نالے میں جا گرے جس کی وجہ سے دونوں کو شدید چوٹیں آئیں۔ ایس ڈی ایم گریز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آرمی ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے فوراً بعد ہی اطلاع ملی کہ وہ گر کر تباہ ہوا ہے۔