عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// تلنگانہ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور کم از کم 20افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان کھمم، بھدرادری کوٹھا گودم، مہیبوباد، سوریاپیٹ، نلگنڈا اور دیگر اضلاع میں شدید نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی حکومت کے ابتدائی اندازے کے مطابق تباہ کاریوں کے نتیجے میں 5000کروڑ روپے سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا ہے۔موسم کی شدید صورتحال کے باعث، آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں اور مغربی وسطی بنگال کی خلیج میں ایک کم دبا کا علاقہ بن گیا ہے، جس کے اثرات تلنگانہ کے کئی حصوں میں دیکھے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے 9 ستمبر تک بھاری بارشوں کا انتباہ جاری کیا ہے اور متعدد اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چند دنوں میں بھاری بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح تیز ہوائوں (30-40)کلومیٹر فی گھنٹہ اور آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ بارش ہونے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ ادھرحالیہ سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس کو لے کر وڈودرا کی مزدور یونینوں نے مشترکہ طور پر گجرات حکومت سے معاوضے کی اپیل کی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ سیلاب زبردست بارش اور اجوا آبی ذخائر سے دریائے وشوامتری میں پانی چھوڑنے کی وجہ سے آیا ہے۔