جموں //ریاستی سرکار نے ہندپاک حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ امن کیلئے دونوں ممالک کو گولہ باری سے نہیں بلکہ بات چیت سے مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔قانون ساز اسمبلی میں گولہ باری سے ہوئے جانی ومالی نقصان پر ممبران کے احتجاج کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمن ویری نے کہاکہ یہ معاملہ کئی بار ایوان میں اٹھایاگیاہے اور ہمار اروز اول سے یہی موقف رہا ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کا راستہ اپنا کر سرحدوں پر امن لائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اٹل بہاری واجپائی کے دورِ حکومت میں جنگ بندی کا جومعاہدہ ہوا تھا اس کی دونوں ممالک پاسداری کریں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ بات چیت ہی مسئلہ کا واحد حل ہے۔ان کا کہنا تھاکہ مذمتی قرر داد پاس کرنے یا اور کوئی تلخ موقف اختیار کرنے سے کچھ ہونے والا نہیں بلکہ اس سے حالات مزید ابتر ہوں گے لہٰذا ہم سبھی ممبران قانون سازیہ کو سنجیدگی اور دانشمندی سے کام لینا چاہئے۔وزیر موصوف نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں کراس باڈر فائرنگ کے حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ضلع انتظامیہ مال و جان کے نقصان کو روکنے کو ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ آبادی کے لئے قیام و طعام کے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔