عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //سی پی رادھا کرشنن نے جمعہ کو نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں ہندوستان کے نائب صدر کے طور پر حلف لیا۔ صدر دروپدی مرمو نے رادھا کرشنن کو عہدے کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، امت شاہ، جے پی نڈا، نتن گڈکری اور دیگر موجود تھے۔تقریب میں اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، پنجاب کے گورنر اور چندی گڑھ کے منتظم گلاب چند کٹاریہ، جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار، اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو شامل تھے۔67 سالہ سی پی رادھا کرشنن ، جگدیپ دھنکھر کی جگہ لیں گے۔ جنہوں نے 21جولائی کو نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ رادھا کرشنن تمل ناڈو کے تیسرے لیڈر ہیں جنہوں نے یہ عہدہ سنبھالا ہے۔رادھا کرشنن نے منگل کو452 ووٹ حاصل کرکے نائب صدر کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی، جبکہ مخالف امیدوار بی سدرشن ریڈی کو 300 ووٹ ملے۔