عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے معاشرے میں تفرقہ ڈالنے والے عناصر کو سخت انتباہ جاری کیا کہ جعلی اورغیر ذمہ دارانہ بیانیہ امن اور ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت سنراچنا جے اینڈ کے 2025 نمائش اور عوامی رسائی کے اقدام کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا”کچھ لوگ یہ کہہ کر غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں کہ مہمان جموں و کشمیر کی ثقافت کو خراب کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ وہاں آبادیاتی یلغار ہو رہی ہے اور شراب نوشی پھیل رہی ہے، یہ ملی ٹینٹ تنظیم TRF کی طرح کا بیانیہ ہے، میں ایسے بیانات دینے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرح کے بیانیے کو پھیلانا بند کریں، ہم پہلے بھی ایسے ہی بیانات کی وجہ سے کئی معصوم جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔”لیفٹیننٹ گورنر نے ملی ٹینسی کے شکار خاندانوں کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور متنبہ کیا کہ ان کے مصائب کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا”ہم وادی کشمیر کے حقیقی ملی ٹینسی کے متاثرین کو عزت اور انصاف فراہم کر رہے ہیں، میں نے حال ہی میں اننت ناگ میں ملی ٹینسی کا شکار ہونے والے خاندانوں سے ملاقات کی تھی، ماضی میں SRO-43 سے سمجھوتہ کیا گیا تھا، نوکریوں کے حقداروں کی بجائے قاتلوں کو SRO-43 کے تحت ملازمتیں دی گئیں، جس نے بھی SRO-43 کا غلط استعمال کیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔”لیفٹیننٹ گورنر نے پچھلے کچھ سالوں میں ملک اور مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کی قابل ذکر ترقی کا اشتراک کیا۔انہوں نے کہا’’2014 سے، ہماری عظیم قوم تیزی سے نئے عزم، نئی سوچ اور ایک نئے روڈ میپ کے ساتھ عالمی سپر پاور بننے کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ6 سال کے اندر وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کی ایک نئی تاریخ لکھی ہے، یہ نیا جموں و کشمیر ہے جہاں بچوں کے ہاتھ میں قلم ہیں پتھر نہیں، سکول اور کالج سال بھر کھلے رہتے ہیں، جہاں بندوں اور ہڑتالوں کے بجائے بین الاقوامی پروگراموں کے کیلنڈر شائع کیے جاتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہایہ ایک نیا جموں و کشمیر ہے، جہاں ہمارے نوجوان جدت اور تحقیق میں نئی بلندیاں حاصل کر رہے ہیں، جہاں نوجوان اب سٹارٹ اپس پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور اپنے کاروبار شروع کر رہے ہیں، اب نئے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کے نعروں کی بجائے فیکٹریوں، سیاحوں اور لوگوں کے قہقہوں کا شور سنائی دے رہا ہے، “۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ “جموں و کشمیر محروم طبقات، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کی امنگوں کے برابر مواقع کو یقینی بنا کر اپنے سنہری دور کی کہانیاں لکھ رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں پہلے جو ناممکن تھا وہ ممکن ہو گیا ہے،” ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ امرت کال کے سفر میں اگلے 22 سال جموں و کشمیر کے لیے سنہری سال ثابت ہو سکتے ہیں بشرطیکہ ہم نئی نسل کو ملک کے اس ترقی کے سفر میں بڑا کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔انہوں نے کہا کہ دو روزہ میگا نمائش نوجوانوں، طالب علموں، کسانوں، تاجروں اور معاشرے کے ہر طبقے کو سرکاری خدمات کی حقیقی وقت کی نمائش کے ساتھ تعلیم اور مشغول کرے گی اور حکومت اور عوام کے درمیان پل بنائے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں اور کالجوں کو چاہیے کہ وہ بڑی تعداد میں نمائش کا دورہ کریں تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو اور جموں و کشمیر کے ترقی کے سفر میں ان کے تعاون کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔