سرینگر//’اپنی پارٹی‘ صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاہے کہ اُن کی جماعت تفرقہ انگیز طاقتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی جوکہ جموں وکشمیر کے سماجی تانے بانے اور تکثیری ہم آہنگی وبھائی چارے کو نقصان پہنچانے پر تلی ہیں۔بخاری سرینگر میں پارٹی دفتر پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں کی یکساں تیز ترقی کریگی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مختلف طبقہ جات کے درمیان پائی جارہی دوری کو ختم کرنا پارٹی کا اہم کام رہے گا کیونکہ فرقہ وارانہ اور علاقائی ہم آہنگی کسی بھی قوم وملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم جز ہے۔بخاری نے کہا’’فرقہ ورانہ اور طبقاتی سیاست جموں وکشمیر کے کئی لیڈران کی علامت رہی ہے لیکن اپنی پارٹی اس عمل کو ختم کرنے کی وعدہ بند ہے، ہم اُس بات پر کبھی یقین نہیں رکھتے جس کو عملی جامہ نہ پہنایاجاسکے ، یہی وجہ ہے کہ ہم نے جذباتی نعرؤں کی روایت کو ختم کیا اور کئی لیڈران نے بغیر شرم محسوس کئے ایسا کیا، ہمار را مقصد واضح ہے، رشوت خوری اور حویش پروری سے پاک گورننس کے ذریعے بہتر انتظامیہ‘‘۔ اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی اپنی پارٹی کا اہم مطالبہ ہے جس کو ملکی قیادت کے سامنے پیش کیاگیاہے اور پارٹی اِس مقصد کے حصول کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا’’جموں وکشمیر کے لئے اسٹیٹ ہڈ ناگزیر ہے، اِس کا انتظام یونین ٹیریٹری کے طور لمبے عرصہ تک نہیں کیاجاسکتا، میرا ماننا ہے کہ مرکزی قیادت اِس بات کو اچھے سے سمجھتی ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے فوری کوششیں کی جائیں تاکہ مناسب طریقہ سے جمہوری عمل شرو ع ہوسکے‘‘۔ بار ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری اور سابق کانگریس لیڈر گوہر حسن وانی کے علاوہ سماجی کارکن آغا سید عباس رضوی، حاجرہ اختر بی ڈی سی چیئرپرسن سنگھ پورہ، شمیمہ اختر بی ڈی سی چیئرپرسن سنگرامہ، سنیئر سیاسی کارکنان افتخار حسین، غلام حسن ڈار، محمد رحمان گنائی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔