سرینگر// حریت(گ) نے کہا ہے کہ حکام تعمیر و ترقی کے ڈھول پیٹ کر ہمیں اپنے بنیادی اہداف سے دور رکھنا چاہتے ہیں ۔حریت نے رواں پانچ مہینوں کے کرب و الم کے دور کو ذہن نشین کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے بے لگام حکام نے گولیوں اور پیلٹ کے قہر سے جہاں ایک سو دس سے زائد معصوم جانوں کو ہم سے چھین لیا وہی ہزاروں لوگ ایسے بھی ہیں جو ابھی ابھی اپنے رستے زخموں سے اٹھ رہی ٹیس سے کراہ رہے ہیں ۔ہزاروں مکانات اور تعمیرات کی توڑ پھوڑ کرنے اور اربوں روپے کے باغات اور فصل کو نذر آتش کرنے کے بعد سکوٹی اور اجالا جیسی سکیموں کا ڈھول پیٹ کر یہ لوگ جہاں ہمارے سینوں پہ لگے زخموں کو کرید رہے ہیں وہی جان بوجھ کر ہمارے شہداءکے خون کا بھی مذاق اڑا رہے ہیں ۔انہوں نے قوم کوان قربانیوں اور اس سے متاثرین افراد کے تئیں محبت و عقیدت قائم رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قوموں کے لئے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر ترجیحات میں شامل نہیںاور مراعات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے اس عہد اور قول پر قائم رہتے ہیں کہ حکام ہماری سڑکوںپر اگر سونا بھی بچھادے تب بھی ایک شہید کے خون کا حق ادا نہیں کرسکتے۔