سرینگر// پی ڈی پی لیڈر اور امیدواربرائے سرینگر بڈگام پارلیمانی حلقہ نذیر احمد خا ن نے بٹہ مالو کے مختلف علاقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہ2002میں عوام نے بات چیت اورمصالحت کے اداروں پر بھروسہ کا اظہار کرکے پی ڈی پی کو موقعہ فراہم کیا اور پارٹی نے نہ صرف ریاست میں امن قائم کیا بلکہ لوگوں کو غیر یقینیت اور ظلم کے ماحول سے آزادی دلائی ۔انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی اورانصاف کی فراہمی میں پارٹی نے بہت کام کیا ہے اور اس کام کو مزید آگے بڑھانے کے لئے عوام کا تعاون لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اقتدار اور ذاتی مفادات کے لئے ہمیشہ جمہوری اداروں کو کمزور کیا ہے اور غلط پالسیوں اور بد انتظامی کی وجہ سے لوگوںنے انہیں مسترد کیا ہے اور اب اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کےلئے کانگریس کا سہا را لے رہی ہے۔ممبر اسمبلی بٹہ مالو نور محمد نے اپنی تقریر میں شہر سرینگر کی تعمیر وترقی کےلئے سرکار کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے پی ڈی پی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ممبر اسمبلی ٹنگمرگ محمد عباس وانی نے کہا کہ ہمارے بچوں میں ہنر کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرروت اس بات کی ہے کہ اُن کے ہنر کو نکھارنے اور سامنے لانے کےلئے اقدامات کئے جائیں ۔پارٹی کے یوتھ جنرل سیکریٹری اور ممبر اسمبلی یاور میر اور پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔