سرینگر// ای گورننس کو حقیقی روپ دینے کے ایک غیر معمولی اقدام کے تحت کمشنر سیکرٹری سکول ایجوکیشن و ٹورازم فاروق احمد شاہ نے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر میں جدیدٹیکنالوجی پر مشتمل نگرانی کے نظام کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔موصوف نے ایک اور تاریخی قدم کے بطور نجی تعلیمی اداروں کےلئے آن لائن رجسٹریشن کے پورٹل کا بھی آغاز کیا۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتوکے علاوہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران،چیف ایجوکیشن افسران اور ڈائریکٹوریٹ میں تعینات عملہ موجود تھے۔ انہوں نے اس نظام کو آسان اور عام بنانے پر زور دیا تاکہ پرائیویٹ سکول اس سہولیت سے استفادہ کرسکیں۔ ڈائریکٹوریٹ کے کانفرنس ہال میں اپنے خطاب کے دوران کمشنر سیکرٹری سکول ایجوکیشن و ٹورازم فاروق احمد شاہ نے کہا کہ ہرقوم کی پہچان تعلیم ہوتی ہے جس کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ میں تعینات عملے کو ہدایت دی کہ وہ اساتذہ کو بھر پور احترام دیں اور کسی کی تذلیل، رشوت خوری،دُ ھونس یادباﺅ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 100 فیصد نصاب مکمل کرنے اور90 فیصد حاضری حاصل کرنے والے طلبہ کو ہی اکتوبر میں ہونے والے سالانہ امتحانات میں شامل ہونے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہر کرنے والے اُساتذہ کو انعامات اور ایوراڑ سے نوازا جائے گا اور ناقص کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے سیکرٹری موصوف کو یقین دلایا کہ محکمہ کا عملہ ان کی اُمیدوں پر پورا اُترنے کےلئے لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں بہتری لانے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دریں اثناءڈائریکٹوریٹ کے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام سالانہ امتحانات حسب سابقہ اکتوبر میںلئے جائیں گے۔ طالب علموں کے خدشات کودور کرتے ہوئے ناظم تعلیمات کشمیرنے کہا کہ سالانہ امتحانات سابقہ طریقہ کار کے عین مطابق اکتوبر کے مہینے میں ہی لئے جائیں گے اور نئی کلاسوں کا آغاز نومبر کے پہلے ہفتے میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چیف ایجوکیشن افسران اور دیگر متعلقین کو پہلے ہی ہدایات دی جاچکی ہیں۔