جموں // نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ سماجی اور دانشورانہ سطحوں پر نمایاں مظبت تبدیلی لانے کیلئے تعلیم ایک اہم ذریعہ ہے اور ہر ایک بچے کو زیور تعلیم سے روشناس کرانے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔نائب وزیر اعلیٰ جنرل زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں ڈی بی این سکول کے54 ویں سالانہ دِن تقریبات کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے سائنسی دور میں ہر ایک فرد کو تعلیم سے آراستہ کرنا نہایت ہی لازمی ہے۔ انہوں نے شعبۂ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان اقدامات کی بدولت ہمارا ملک تعلیم کے شعبے میں پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا تا ہم اس ضمن میں ہم سب کواپنا بھرپور رول ادا کرنا ہوگا۔نائب وزیر اعلیٰ نے معیاری تعلیم کو عام کرنے میں ڈی بی این گرؤپ کے رول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے فارغ ہونے والے طُلاب زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس موقعہ پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔اس سے پہلے جموں وکشمیر پرائیویٹ سکولز کارڈی نیشن کمیٹی کے ایک وفد نے ورکنگ صدر ڈاکٹر ہری دت شِشو اور صدر رامیشور منہاس کی قیادت میں نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل ڈاکٹر نرمل سنگھ کی نوٹس میں لائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کے مطالبات غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ وہ یہ معاملات متعلقین کے ساتھ اُٹھائیں گے۔