عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کشمیر یونیورسٹی کو ایک ممتاز تعلیمی اِدارہ قرار دیتے ہوئے اِس کے سابق طلباء کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اِدارہ تحقیق اور تعلیمی معیار کے لحاظ سے ملک کی بہترین یونیورسٹیوں کے معیار پر پورا اُترا ہے۔وزیر اعلیٰ کشمیر یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ ’’میگا ایلومنی میٹ ۔2025کے موقعہ پرایک اِجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اَپنے خطاب میںکہا ،’’ کسی بھی تعلیمی اِدارے کا جائزہ لینے کے دو بنیادی معیار ہونے چاہئیں۔ پہلا تحقیق کے دائرہ کار اور معیار سے متعلق ہے اور دوسرا اِس اِدارے کے سابق طلباء کی قابلِ ذکر کامیابیاں ہیں۔ ان دونوں پیمانوں پر کشمیر یونیورسٹی ملک کی کسی بھی یونیورسٹی سے پیچھے نہیں ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اِس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء نے قانون، سیاست، اِنتظامیہ، طب، سماجی خدمات، کاروبار اور دیگر شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر عزت اور پہچان حاصل کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سابق طلباء پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی سے اَپنا تعلق قائم رکھیں۔ اُنہوں نے کہا،’’کشمیر یونیورسٹی نے آپ کو بہت کچھ دیا ہے۔ اگر آپ وقتاً فوقتاً اَپنی محنت اور تجربے کے ذریعے اِس اِدارے کو کچھ واپس لوٹا سکیں تو یہ یہاں زیر تعلیم طلباء اور مستقبل کے طلبأ دونوں کے لئے بے حد فائدہ مند ہوگا۔‘‘اُنہوں نے سابق طلباء پر زور دیا کہ وہ اگلی نسل کے لئے رول ماڈل اور قابل بنانے والے کے طور پر کام کریں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آپ نے جموںوکشمیر اور ہندوستان کا نام روشن کیا ہے ، اُسی طرح اس یونیورسٹی کے مستقبل کے طلبأ اس میراث کو جاری رکھیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تقریب میں اعزاز حاصل کرنے والے تمام ایلومنائی کو دِلی مُبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے کہا ،’’میں اُن تمام افراد کو دِل کی گہرائیوںسے مُبارک بادپیش کرتا ہوںجنہیں آج یہاں توصیفی اسناد اور اعزازات سے نوازا گیاہے۔‘‘