سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری تعلیمی اداروں اور تعلیمی دفاتر میں بہت جلد معقول انٹرنیٹ سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی۔انہوں نے اِن خیالات کا اظہار کل ٹانی بلیئر فائونڈیشن انسٹی چیوٹ کے جنوب ایشیادفتر کے نمائندے سندھیا گپتا کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری تعلیم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ادارے کی طرف سے وادی میں اساتذہ کی تربیت کے پروگرام کے حوالے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔سندھیا گپتا نے بتایا کہ اِن تربیتی پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے وزارتِ تعلیم کا زیادہ سے زیادہ تعاون درکا ہے۔انہوں نے اساتذہ کو مستند انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت اُجاگر کی۔وزیر نے ریاست میں تعلیمی نظام اور اساتذہ کی بہبود کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے تعلیمی شعبے میں نئی روح پھونکنے کے لئے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے۔انہوں نے اساتذہ کو تربیت دینے کے لئے اشتراک دینے پر فائونڈ یشن کا شکریہ ادا کیا۔