سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے منگل کو ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ طلب کر کے لاک ڈاون کے دوران جموںوکشمیر میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ایل جی نے کہا کہ 31 مئی تک سکولوںکو دوبارہ کھولنا ممکن نہیں ہوگا لہٰذا اس محکمہ کو سکولی عمارتوں کا تجدیدی کام دردست لینا چاہئے ۔ اُنہوں نے زو ر دے کر کہا کہ کچھ سکولوں اور کالجوں کو کھولنے سے پہلے ان سبھی عمارتوں کو سینٹائز کیا جانا چاہئے ۔
میٹنگ میں ایل جی کے مشیر کے کے شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی روہت کنسل ، پرنسپل سیکرٹری سکولی تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ڈویژنل کمشنر پی کے پولے اور سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز کے علاوہ دیگر کئی اَفسران موجود تھے۔
ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے جانکاری دی کہ سکولوں میںلاک ڈاون کی وجہ سے معمول کی سرگرمیاں معطل ہے تاہم طالب علموں کو ٹیلی کلاس کے ذریعے تعلی فراہم کی جارہی ہے اور یہ ٹیلی کلاسز دور درشن ، ریڈیو اور جے اینڈ کے نالیج نیٹ ورک کے ذریعے ان تک پہنچائی جارہی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے طالب علموں کو سکول کتابیں فراہم کرنے پر بھی افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں سکولوں میں ٹیلی ویژن سیٹ لگائے جانے چاہئیں تاکہ ان علاقوں کے طالب علم بھی ٹیلی کلاسز سے استفادہ کرسکیں۔
سیکرٹری سکولی تعلیم نے کہاکہ محکمہ نے مڈ ڈے میل سکیم جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے اور 823150 طالب علموں کو سوکھا راشن فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اہل بچوں کے کھاتوں میں کھانا پکانے کے لئے درکار رقم براہ راست منتقل کی جاتی ہے