تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے یونیورسٹی امتحانات ملتوی

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// کشمیر کے صوبائی کمشنر وی کے بردی نے کہا ہے کہ منگل کو وادی کشمیر کے سبھی سرکاری و پرائیویٹ سکول بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارشوں اورکئی بالائی علاقوں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر منگل کو بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ادھرپیر کوجموں و کشمیر شمالی کشمیر اور خطہ چناب میں سکولوں میں مسلسل بارش اور پانی جمع ہونے کے پیش نظر تدریسی کام کاج معطل کردیا گیا ۔ پیر کوضلع کپواڑہ ،بانڈی پورہ میں خراب موسم کی وجہ سے سکول بند کئے گئے۔با ۔ادھر چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ کے مطابق نامساعد موسمی حالات کی روشنی میں، یہ ضروری ہے کہ طلبا کی فلاح و بہبود اور اپنی تعلیمی سہولیات کی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کریں۔ ۔گریز میںبرف باری کے پیش نظر سب ڈویژن گریز کے تمام تعلیمی اداروں میں پیر کو کلاسوں کا کام معطل رہا۔گاندربل ضلع میںسب ڈویژن کنگن کے دائرہ اختیار میں آنے والے ہائر سیکنڈری سطح تک کے تمام تعلیمی اداروں کو پیر کے روز بند کرنے کا حکم دیا گیا۔ ضلع ڈوڈہ کے تمام سرکاری/پرائیویٹ سکول پیر کو بند رہے۔رام بن ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری ہدایت کے مطابق، ضلع کے تمام سکول خراب موسمی حالات اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے بند رہے تاکہ طلبا کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔کشتواڑ میں بھی تعلیمی ادارے بند کئے گئے۔اس دوران کشمیر یونیورسٹی نے بھی آج یعنی منگل کو لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے ہیں۔